Need to know & Nice to know
ایک جیسے الفاظ۔ لیکن اثر مختلف
دو لفظ انگریزی میں ہیں اور اردو میں مجھےان کا کوئی مناسب ترجمہ نہیں ملا، اس لیے میں اس کو انگریزی میں کہہ رہا ہوں۔
Need to know… Nice to know
کچھ معلومات میری ضرورت ہوتی ہے۔ جو میں لینا چاہتا ہوں اور کچھ معلومات میں مزے (چسکے)کے لیے لیتا ہوں جس کی مجھے ضرورت نہیں ہوتی، میں ویسے ہی خوش ہوناچاہتا ہوں۔میں آپ سے ملا۔ آپ کا نام کیا ہے؟ میرا نام عبداللہ ہے۔آپ کہاں کام کرتے ہیں؟ میں جی فلاں فیکٹری میں کام کرتا ہوں،گھر کہاں ہے؟میں وہاں رہتا ہوں۔ بہن بھائی کتنے ہیں؟ بیوی بچے کتنےہیں؟ یہ چھوٹی چھوٹی معلومات کی تب ضرورت ہوتی ہے جب آپ کسی سے دوستی کرتے ہیں تو آپ کو پتہ ہو وہ کون ہے؟ کس جگہ پہ رہتا ہے؟اس کی فیملی کیا ہے؟ یہ چھوٹی چھوٹی بنیادی معلومات ہیں جسے ہمNeed to Knowکہتے ہیں۔
لیکن ہم یہاں تک نہیں رہتے ۔ اس سے بھی آگے بڑھ جاتے ہیں آپ کی تنخواہ کتنی ہے؟ اچھا آپ کی فیکٹری کیا کام کرتی ہے؟ کیا گارمنٹس ایکسپورٹ کرتی ہے؟ ماشاءاللہ اچھے پیسہ کماتے ہوں گے، وہ کتنا کما لیتے ہیں؟ تمہارے مالک کیا کرتے ہیں؟ اس کے پاس کتنی گاڑیاں ہیں؟ تم کتنے پیسے کماتے ہو؟ تمہارے والد کی تنخواہ کتنی ہے؟ کتنے لوگ وہاں پہ کام کرتے ہیں؟اور وہ معلومات کا ایک بہت لمبا ذخیرہ اکٹھا کر لیتے ہیں حالانکہ ان کو اس کی ضرورت نہیں ہوتی۔
اسی طرح سےاگر آپ زمیندار ہیں۔ کتنے ایکڑ ہیں ؟اتنے ایکڑ ہیں، کیا بیجا ہے ؟ پچھلے سال کیا بیجاتھا؟گندم بیجی تھی کتنے پیسے اکٹھے کر لیے تھے؟ اچھا آپ نے اس سال پانچ لاکھ روپے کمائے۔اب اس طرح وہ معلومات لیتاجاتا ہے۔ دینے والا بیچارہ جہاں رکتا ہے وہ وہی پر اس سے ناراض ہو جاتا ہے۔ یار آپ نہیں بتانا چاہتےتو نہ بتائیں اس میں ناراض ہونے والی کونسی بات ہے۔ کسی نے آپ سے پوچھا کہ تنخواہ کتنی ہے؟تو آپ کہتے ہیں بھائی کیا مسئلہ ہے؟ میری تنخواہ جتنی مرضی ہو۔ وہ کہتا ہے کہ میں نے بس تنخواہ ہی پوچھی ہے ناراض کیوں ہو رہے ہو؟ ارے بھائی اس میں ناراض یا نہ ناراض ہونے والی بات نہیں ہے ۔اگلا شخص کہتا ہے کہ آپ کو میری تنخواہ پوچھنے سے مطلب کیا ہے؟
میرے دوستوں!
بڑی سادہ سی بات ہے۔ جب تک آپ وہ معلومات کسی سے لیتے رہیں گے۔ جس کی آپ کوضرورت ہے آپ کے تعلقات بہت اچھے رہیں گے اور آپ کو کوئی تکلیف نہیں ہوگی۔ اگلا بندہ آپ کو اپنے سر پہ بوجھ نہیں سمجھے گا ۔آپ سےدوستی بھی کرے گا ،آپ سے بات بھی کرے گا۔ جب آپ Nice to Know والی بات پر آئیں گے اوراس کو کریدنا شروع کریں گے، جس کا ہمیں بہت مزہ آتا ہے ۔پھر جاکر ساتھ والے محلے میں بتائیں گے۔ پھر کسی اور کوبتائیں گے اس کی اتنی تنخواہ ہے اور اتنا بچاتا ہے تو شام کو سارا محلہ اس کا حساب کر کے بیٹھا ہوتا ہے کہ اس نے کتنے پیسےکمائے ہیں؟
میرے بھائیوں، پھر وہاں پر تعلقات ختم ہونا شروع ہو جاتے ہیں۔ میرا اپنا خیال یہ ہے کہ کسی کے ذاتی معاملات کو اتنا ہی جاننا چاہیے جتنے کی آپ کو ضرورت ہے ،اس سےآگے کیا ہے؟ بچے کہاں پڑھتے ہیں؟ کیوں پڑھتے ہیں؟ ان کی فیس کتنی ہے؟ اس کا رشتہ کہاں کیا ہے؟ جو ضرورت ہے وہ پوچھ لیں۔ مثلاً آپ کا بھائی آپ سے بات کرتا ہے تو اس کی ضرورت اورہوگی۔ اگر آپ سے گاڑی میں بیٹھا ہوا کوئی آدمی بات کرتا ہے اس کی ضرورت اور ہوگی۔ تو کوشش یہ کریں کہ صرف وہ بات کریں جو آپ کی ضرورت ہو۔
Need to Know تک رہیں گےتو تعلقات ٹھیک رہیں گے، اس سے آگے بڑھیں گے تو لوگ آپ سے بات کرنے سے پرہیزکریں گے۔
جو ضرورت کی بات ہے وہ ضرور پوچھنی چاہیے ۔۔۔ مزہ اور چسکا لینے کے لیے کریدنا مناسب نہیں ہے۔
ضرورت تک رہیں گے تو انشاءاللہ العزیز آپ کے دوستوں سے تعلقات خراب نہیں ہوں گے۔
میں تو ایسا سوچتا ہوں
ڈاکٹر محمد مشتاق مانگٹ
تعاون فاؤنڈیشن پاکستان